بیرونِ ملک روزگار اور سفر کے خواب دکھا کر مبینہ طور پر 150 سے زائد شہریوں سے تقریباً 6 کروڑ روپے ہتھیانے والے سفری ایجنٹس کے خلاف متاثرین نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ شہریوں کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر بیرونِ ملک ملازمت اور ویزوں سے متعلق اشتہارات دیکھنے کے بعد ایجنٹس سے رابطہ کیا اور اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی ان کے حوالے کردی، تاہم نہ ویزے ملے اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ ایجنٹس نے ان کے پاسپورٹس، تعلیمی اسناد اور دیگر اہم دستاویزات بھی اپنے قبضے میں لے لیں، جس کے باعث کئی خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
احتجاج کرنے والے شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مبینہ فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
متاثرین نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ان کی لوٹی گئی رقم اور دستاویزات واپس دلائی جائیں۔
شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔






