پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کے لیے ن لیگ کا مفاد زیادہ اہم ہے یا پاکستان کا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرپور سمیت مختلف علاقوں میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت دی، مگر عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔

بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور بعض حلقوں میں زور زبردستی کے ذریعے حکومت بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ریاست پاکستان اور قومی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم کسی سیاسی جماعت کے مفاد کے لیے خاموش نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ آنکھیں کھولے اور دیکھے کہ ن لیگ کے مفاد کے نام پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو کسی صورت مقبوضہ کشمیر جیسی صورتحال میں تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا اور عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔