دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران مسافروں کی آمد میں تقریباً ایک تہائی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران 3 کروڑ 15 لاکھ مسافر دبئی ایئرپورٹ پہنچے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد تقریباً 4 کروڑ 60 لاکھ تھی۔ یوں مسافروں کی آمد میں تقریباً 32 فیصد کمی ہوئی۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔ خطے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور پروازوں میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے بھی عالمی فضائی سفر کو متاثر کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے کے باعث دنیا بھر میں فضائی کرایوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے مسافروں کی تعداد پر مزید دباؤ پڑا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں شمار ہوتا ہے، اس لیے مسافروں کی آمد میں نمایاں کمی کو خطے میں جاری کشیدگی کے وسیع تر معاشی اور سفری اثرات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔