ٹک ٹاکر شمشو عرف گیلا منہ کے قتل کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال موصول ہوئی، جس کے بعد شمشو عرف گیلا منہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر نکلیں۔ کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔
مقتولہ کے والد کے مطابق وہ ٹی ایچ کیو اسپتال ٹیکسلا پہنچے، جہاں انہوں نے اپنی بیٹی کی لاش کی شناخت کی۔ مقتولہ کے بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی حالت میں اسپتال میں موجود تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شمشو عرف گیلا منہ کی گردن پر گولی لگی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر ڈمپر سے جا ٹکرائی، جس کے باعث مقتولہ کے بھائی اور دوسری بہن بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا بھائی مبینہ ملزمان کو سامنے آنے کی صورت میں شناخت کرسکتا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکتی ہیں۔






