پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان کو لاہور میں 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا اور بعد ازاں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔ خبر کی تصدیق جنگ کی تازہ رپورٹ سے ہوتی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپر مال میں واقع اپنی رہائش گاہ سے جم جانے کے لیے نکلی تھیں کہ لٹن روڈ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ ان کی گاڑی لٹن روڈ تھانے میں موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔

علیمہ خان کی بہن نورین نیازی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ علیمہ خان کو کس بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی تصادم یا تشدد نہیں چاہتی اور علیمہ خان کو گرفتار یا نظربند رکھنا کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے رکھی ہے۔