ایران کے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کو مذاکرات سے پہلے تہران کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا، اس کے بعد ہی بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قطر اور پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں ثالثی کر رہے ہیں اور تہران امریکی ردعمل کا منتظر ہے۔

محسن رضائی کے مطابق ایران کی شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی، ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت ختم کرنا، ایرانی حکومت کے مخالفین سے تعاون روکنا، ایرانی سرزمین پر جارحیت کا خاتمہ اور بحری ناکہ بندی اٹھانا شامل ہیں۔

ایرانی سیکیورٹی چیف نے کہا کہ تہران نے اپنی شرائط قطر اور پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے امریکا تک پہنچا دی ہیں اور اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر شرائط مسترد ہوئیں تو ایران جنگ کے لیے بھی تیار ہے۔

محسن رضائی نے ایران کی جوہری پالیسی اور ممکنہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے متعلق مستقبل کے فیصلوں کا بھی ذکر کیا، جبکہ امریکی حملے کی صورت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی۔