وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پالیسی پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمتِ عملی کو ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے ملک بھر میں، بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کیا جائے۔






