بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ کو دو ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی حکام کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میل میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ سمیت شہر کے کئی اہم مقامات کا نام شامل تھا۔
دھمکی کے بعد سیکیورٹی اداروں نے امیتابھ بچن کے گھر اور دیگر نشاندہی کیے گئے مقامات کی تلاشی لی۔ ان مقامات میں بمبئی ہائی کورٹ، بمبئی اسٹاک ایکسچینج اور مہالکشمی ریس کورس بھی شامل تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈز نے تمام مقامات کا معائنہ کیا، تاہم کسی قسم کا مشکوک مواد برآمد نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل 23 اکتوبر کو بھی ممبئی کے میئر آفس کو اسی نوعیت کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
مسلسل دھمکیوں کے بعد ممبئی میں اہم مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔





