پشاور میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے واردات میں ملوث چار مبینہ حملہ آوروں اور مرکزی ملزم کی شناخت کرلی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد نے فہد خان کو نشانہ بنایا۔ تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، علاقے میں نقل و حرکت اور واردات کے بعد فرار ہونے کا راستہ بھی معلوم کرلیا ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فہد خان عموماً بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آتے تھے، تاہم قتل کے روز وہ اکیلے دفتر جا رہے تھے۔ مبینہ حملہ آوروں نے یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے سے ان کا تعاقب کیا اور متعدد مرتبہ ریکی کرنے کے بعد انہیں نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ بظاہر دیرینہ خاندانی دشمنی معلوم ہوتی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام نے مبینہ ملزمان کے قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کردیے ہیں، جبکہ ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔