سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا نظام منہدم ہو چکا ہے اور ملک کا معاشی و عدالتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

اپوزیشن قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایک اہم وفاقی وزیر کے مطابق بھی پاکستان کا نظام درست حالت میں نہیں رہا۔ انہوں نے حکمرانوں کے طرزِ حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اور عوام کے پیسوں سے جہاز استعمال کرنا درست نہیں۔

راجہ ناصر عباس نے پمز میں پیش آنے والے واقعے کو بھی ملک میں موجود خرابیوں کی ایک علامت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہائی کے عدالتی حکم کے باوجود ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی گرفتاری پر سوالات اٹھتے ہیں۔

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں پر عوام کو اعتماد نہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی حکومت پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا متوسط طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے اور معیشت کی بنیاد سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع ہیں۔