اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کی مسلسل فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے بحری جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمد و رفت ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔