عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کوہاٹ پولیس لائن مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ان کے مطابق مسجد اللہ کا گھر ہے اور اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، اس لیے عبادت گاہوں میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

اے این پی رہنما نے سوال اٹھایا کہ اگر ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی نہیں بنا سکتی تو عوام اپنے جان و مال کے تحفظ کی امید کس سے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان سے باجوڑ، خیبر اور کوہاٹ تک خیبرپختونخوا میں مسلسل بدامنی کے واقعات تشویش کا باعث ہیں۔

ایمل ولی خان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پختونخوا کے عوام کو مزید نعروں اور مذمتی بیانات کے بجائے امن، تحفظ اور مؤثر حکمرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سہولت کاروں اور ہمدردوں کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔

دریں اثنا، سرکاری حکام کے مطابق کوہاٹ پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔