لاہور: بادامی باغ کے علاقے میں دوسری جماعت کے 8 سالہ طالب علم پر مبینہ تشدد کے الزام میں خاتون ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا۔

درخواست گزار کے مطابق طالب علم عدنان سلطان کو ٹیچر نے چھڑی سے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کے سر پر چوٹ آئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ خاتون ٹیچر کے خلاف دفعہ 328 کے تحت درج کرلیا گیا ہے اور انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی پیش رفت کا انتظار ہے۔