کوہاٹ: کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز کے قریب جمعہ کی نماز کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور پرانی پولیس لائنز کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت، حملے کے ذمہ داروں اور مزید جانی نقصان سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ مزید تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔