ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ چین میں چینی حکام اور شراکت داروں کے ساتھ ہونے والی مشاورت کامیاب رہی۔ ان کے مطابق چین اور ایران کے درمیان وقت کے ساتھ قائم ہونے والی اسٹریٹجک شراکت داری کو تہران قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں کیے جانے والے فیصلے خطے کے مستقبل کے تزویراتی توازن کا تعین کریں گے اور ان کے گہرے اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے امن کے حوالے سے پیش کیے گئے اصول بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے ان اصولوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔

دوسری جانب عباس عراقچی نے دورۂ چین کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ ایرانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیش رفت، موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔