وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے حالیہ برطانیہ کے سفر کے لیے استعمال ہونے والے پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے اخراجات ادا کر دیے ہیں۔ جنگ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے ادا کیے گئے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا تھا جب مریم نواز نے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا نجی دورہ کیا اور اس سفر کے لیے صوبائی حکومت کا طیارہ استعمال کیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے ہی مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دورے کے تمام اخراجات مریم نواز نے اپنی جیب سے ادا کیے۔
رپورٹ کے مطابق جیو ٹی وی نے ادائیگی کے چیک کی کاپی بھی حاصل کی ہے۔ ابتدائی طور پر طیارے کے اخراجات سے متعلق مختلف اعداد و شمار سامنے آئے تھے، تاہم تازہ رپورٹ میں حتمی رقم 27,194,004 روپے بتائی گئی ہے۔






