وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے مطالبے کی حمایت کردی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمد اویس کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی گئی، جس کی شرجیل میمن نے بھرپور حمایت کی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے باعث عوام پریشان ہیں اور حکومت فی لیٹر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرتی ہے، اسے ختم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں شامل اتحادی جماعتوں کو بھی حکومت سے اس معاملے پر بات کرنی چاہیے۔

شرجیل میمن نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ "ہوش کے ناخن لے" اور بڑھتی ہوئی مشکلات کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔