وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں طبی عملہ احتجاج اور ہڑتالوں پر ہے، جبکہ وزیراعلیٰ کابینہ سمیت لاہور میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔

لاہور سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کر رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں میڈیکل اسٹور ایسوسی ایشن کی ہڑتال بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتالوں کے باعث سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریض اور ان کے لواحقین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق گومل یونیورسٹی کے ملازمین کا احتجاج بھی جاری ہے، جبکہ صوبے میں مختلف شعبوں کے مسائل برقرار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا گزشتہ دو روز سے عملی طور پر لاوارث ہے۔