اسلام آباد: میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے آسٹریلیا میں مقیم میر رضا کے دوست حسن تنولی کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرلیا۔

حسن تنولی نے کمیشن کو بتایا کہ میر رضا نے چاکلیٹ کے کاروبار کے لیے ان سے 75 لاکھ روپے لیے تھے اور رقم کی ضمانت کے طور پر دو چیک دیے تھے۔ ان کے مطابق میر رضا نے رقم واپس کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

حسن تنولی نے بتایا کہ میر رضا اس سے قبل بھی 10 لاکھ روپے لے چکے تھے، جو واپس کرتے وقت انہوں نے 50 ہزار روپے اضافی ادا کیے تھے۔

انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ میر رضا کی گمشدگی کے روز انہوں نے احمد کو فون کیا تھا، جس پر احمد نے بتایا کہ میر رضا لاپتا ہیں۔ حسن تنولی کے مطابق جب انہوں نے رقم کے معاملے کا ذکر کیا تو احمد نے کہا کہ ان کا میر رضا سے کوئی لینا دینا نہیں۔

حسن تنولی کے مطابق میر رضا کے اہلِ خانہ کا مؤقف تھا کہ اگر 75 لاکھ روپے کاروبار میں آئے تھے تو احمد کو بھی اس رقم کے بارے میں علم ہونا چاہیے تھا، تاہم احمد نے بظاہر رقم کے معاملے کو نظر انداز کیا۔