سندھ اسمبلی نے اپوزیشن کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 منظور کرلیا۔ بل کے تحت مقامی کونسل کی مدت مکمل ہونے کے بعد نئے منتخب میئر کے عہدہ سنبھالنے تک موجودہ میئر ہی ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات استعمال کرے گا۔

بل وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ایوان میں پیش کیا، جس پر اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کے سامنے پہنچ گئے۔ اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔

ترمیمی بل کے مطابق نئے منتخب میئر کے حلف اٹھانے تک سبکدوش بلدیاتی نمائندے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی میئر کو وائس چیئرمین کونسل کا کنوینر مقرر کیا جائے گا جو کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کرے گا۔

بل میں یو سی چیئرمین کو غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو اطلاع دینے کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بل میں مصالحتی فورم شامل کیا گیا ہے، جسے 90 دن کے اندر تشکیل دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔