پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوششوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ایک جھوٹ کی بنیاد پر جنگ شروع کی اور بری طرح شکست کھائی۔
بلاول بھٹو نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے ایک کلپ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم نے بھارت میں بھارتی ٹی وی پر بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اب عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے اور اسے جنگ بندی کے وقت پاکستان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو تمام تنازعات اور کشیدگی کے معاملات پر بات چیت کرنی چاہیے تاکہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام لایا جا سکے۔






