لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ صوبوں کی تشکیل سے متعلق معاملہ جب پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ ن اپنا باقاعدہ پالیسی بیان دے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کی خواہش رکھتے ہیں تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا، تاہم اس معاملے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے پارلیمنٹ میں صوبوں سے متعلق ایسی کوئی بات نہیں کی۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر بحث پارلیمنٹ میں ہی نتیجہ خیز ثابت ہوگی، جبکہ اکنامک فورم یا سیمینار میں ہونے والی بحث کا کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکل سکتا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ مسلم لیگ ن میں نئے صوبوں کے حوالے سے مؤقف پر مشاورت جاری ہے۔ پارٹی ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر کارکنوں کی رائے اور سوچ کو بھی مدنظر رکھے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بننے یا نہ بننے کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تلخیاں کم ہوئی ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی سے ملاقات کے دوران لانگ مارچ ایک یا دو ہفتے مؤخر کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔