پاکستانیوں کیلئے جرمنی جانے کا نیا راستہ، بغیر جاب آفر چانس کارڈ کے ذریعے ملازمت کی تلاش ممکن

جرمنی نے پاکستانیوں سمیت غیر یورپی ممالک کے اہل اور ہنرمند افراد کیلئے چانس کارڈ (Chancenkarte) کے ذریعے جرمنی جاکر ملازمت تلاش کرنے کا راستہ فراہم کردیا ہے۔

چانس کارڈ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اہل درخواست گزار پہلے سے جاب آفر حاصل کیے بغیر ایک سال تک جرمنی میں رہ کر قانونی طور پر ملازمت تلاش کرسکتا ہے۔

چانس کارڈ کیلئے کون اہل ہوسکتا ہے؟

جرمنی کی جانب سے تسلیم شدہ یونیورسٹی ڈگری یا ووکیشنل کوالیفکیشن رکھنے والے افراد اس پروگرام کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر کسی درخواست گزار کی قابلیت جرمنی میں مکمل طور پر تسلیم شدہ نہ ہو تو وہ پوائنٹس سسٹم کے ذریعے بھی اہل ہوسکتا ہے۔

پوائنٹس کے نظام میں عموماً عمر، تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت، کام کا تجربہ، جرمن یا انگریزی زبان کی مہارت اور جرمنی میں سابقہ قانونی قیام جیسے عوامل شامل ہیں۔

عام طور پر درخواست گزار کے پاس کم از کم دو سالہ تسلیم شدہ ووکیشنل ٹریننگ یا سرکاری طور پر تسلیم شدہ یونیورسٹی ڈگری، جرمن زبان کی کم از کم A1 یا انگریزی زبان کی B2 سطح اور کم از کم 6 پوائنٹس ہونا ضروری ہے۔

35 سال سے کم عمر افراد کو 2 پوائنٹس جبکہ 35 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو ایک پوائنٹ مل سکتا ہے۔

2026 میں مالی وسائل کی شرط کیا ہے؟

2026 میں چانس کارڈ کیلئے درخواست گزار کو کم از کم 1,091 یورو ماہانہ کے مالی وسائل ثابت کرنا ہوں گے۔

یہ شرط جرمنی میں بلاکڈ اکاؤنٹ، اہل اسپانسر کی ڈیکلریشن آف کمٹمنٹ یا بعض صورتوں میں تصدیق شدہ پارٹ ٹائم ملازمت کے ذریعے پوری کی جاسکتی ہے۔

جرمنی پہنچ کر کیا کام کرسکتے ہیں؟

چانس کارڈ ہولڈر جرمنی میں ہفتے میں مجموعی طور پر 20 گھنٹے تک پارٹ ٹائم کام کرسکتا ہے۔ ممکنہ آجر کے پاس زیادہ سے زیادہ دو ہفتے کا ٹرائل ورک بھی کیا جاسکتا ہے۔

اگر امیدوار کو ملازمت مل جاتی ہے تو چانس کارڈ خودکار طور پر ورک پرمٹ میں تبدیل نہیں ہوتا۔ اسے چانس کارڈ کی مدت ختم ہونے سے پہلے متعلقہ رہائشی اجازت نامے کیلئے درخواست دینا ہوگی، جس میں اسکلڈ ورکر ریزیڈنس پرمٹ یا یورپی یونین بلیو کارڈ سمیت دیگر آپشنز شامل ہوسکتے ہیں۔

حکام کے مطابق درخواست گزاروں کو اپنی ڈگری، پیشہ ورانہ قابلیت اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کرانے کے ساتھ مطلوبہ مالی وسائل کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔

اہم بات یہ ہے کہ چانس کارڈ ملازمت، مفت رہائش یا سرکاری مالی امداد کی ضمانت نہیں دیتا۔ درخواست گزاروں کو جعلی جاب آفرز، غیرمصدقہ بلاکڈ اکاؤنٹ سروسز اور ویزا کی گارنٹی دینے والے غیرمجاز ایجنٹس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔