وفاقی حکومت نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بحث کرانے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہورہے، تاہم اکتوبر میں پارلیمان کے اجلاس ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق بحث کا اصل مقام پارلیمنٹ ہاؤس ہے۔
اسلام آباد کے حوالے سے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اسلام آباد کو نیا صوبہ نہیں بنایا جارہا بلکہ وفاقی دارالحکومت کے لیے ایک نئے گورننس ماڈل کی طرف بڑھا جارہا ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں موجودہ بلدیاتی نظام کے بجائے نئے انتظامی نظام کی تجویز سامنے آئی تھی، جس کے تحت 27 رکنی اسمبلی اور چیف ایگزیکٹو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ تجویز کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمان میں زیر بحث آئے گا، جہاں اس حوالے سے مختلف تجاویز اور مؤقف سامنے آسکتے ہیں۔






