مالاکنڈ اور خیبر پختونخوا کے ٹیکس فری زونز میں بڑے پیمانے پر مبینہ ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امپورٹڈ میٹریل پر تقریباً 1120 ارب روپے کی مبینہ ٹیکس چوری کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے ایڈیشنل ڈی جی نارتھ ایف آئی اے کی سربراہی میں 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں ٹیکس فری زونز میں درآمد کیے جانے والے سامان اور اس پر عائد ٹیکس سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ تحقیقات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سفارش پر شروع کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ایک الگ کارروائی میں 108 کمپنیوں کو 389 ارب روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث قرار دیتے ہوئے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوردنی تیل کی ایک نجی کمپنی کے مالکان اور مینجنگ ڈائریکٹر کو بھی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔






