یمن میں حوثی فورسز نے بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہی شہر المخا (موکا) کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کے بعد حوثی اہم بحری گزرگاہ باب المندب کے مزید قریب پہنچ گئے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق یمنی حکومتی فوجی ذرائع نے المخا پر حوثیوں کے قبضے کی تصدیق کی ہے۔

المخا کی جغرافیائی حیثیت انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ باب المندب کے قریب واقع ہے، جو بحیرۂ احمر، خلیج عدن اور بحر ہند کو ملانے والی اہم عالمی تجارتی گزرگاہ ہے۔ حوثیوں کی اس پیش قدمی سے خطے میں کشیدگی بڑھنے اور بحری تجارت متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حوثی فورسز نے بحیرۂ احمر میں واقع بعض دیگر اسٹریٹیجک علاقوں کی جانب بھی پیش قدمی کی ہے، جبکہ یمنی حکومتی فورسز اور ان کے اتحادی جنوبی علاقوں کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔

دوسری جانب یمنی وزیر دفاع طاہر العقیلی کے قافلے پر الضالع گورنریٹ میں مسلح حملہ اور محاصرہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بعض رپورٹس میں انہیں یرغمال بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔

یمن میں 2022 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد بڑے پیمانے پر لڑائی میں کمی آئی تھی، تاہم حالیہ جھڑپوں نے ملک میں دوبارہ وسیع جنگ کے خدشات پیدا کردیئے ہیں۔