کراچی میں میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نیشنل کرائم ڈیجیٹل ایجنسی نے میر رضا کا بائنانس اور کرپٹو کرنسی سے متعلق گزشتہ 6 ماہ کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کئی صفحات پر مشتمل کرپٹو ڈیٹا اور کال ڈیٹیل ریکارڈ طرز کی رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کو بھی جمع کرا دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے تکنیکی ڈیٹا کی پیچیدگی کے باعث این سی سی آئی اے سے اس کا تفصیلی تجزیہ کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ بائنانس سے حاصل ہونے والی تکنیکی معلومات کو عام فہم انداز میں سمجھا جاسکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے حاصل ہونے والا کرپٹو ڈیٹا انتہائی تکنیکی نوعیت کا ہے، جس کے تجزیے کے لیے این سی سی آئی اے کے کوڈنگ اور ڈیجیٹل ماہرین کام کررہے ہیں۔
تحقیقات میں ڈیٹا کے تجزیے سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ میر رضا نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کتنی کرپٹو ٹرانزیکشنز کیں، لین دین کی نوعیت کیا تھی اور اکاؤنٹ میں کس قسم کی سرگرمیاں ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق حاصل کردہ ڈیٹا کی سافٹ کاپی متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہے، جبکہ این سی سی آئی اے کی جانب سے تفصیلی تجزیاتی رپورٹ جلد پولیس کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔






