ترک ڈرامہ سیریل ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کا کردار ادا کرنے والے معروف ترک اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
51 سالہ اداکار کو 5 ستمبر کو استنبول کے ضلع Kağıthane میں واقع ان کے اپارٹمنٹ میں ان کی دوست نے بے حس و حرکت حالت میں پایا۔ رپورٹ کے مطابق ان کی دوست 3 ستمبر سے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم جواب نہ ملنے پر وہ ان کی خیریت دریافت کرنے گھر پہنچیں۔
گھر میں اداکار کو ایک کمرے کی کرسی پر بیٹھے ہوئے پایا گیا۔ ان کی سانسیں نہ چلنے پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔ طبی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں اداکار کی دوست نے بتایا کہ سرحات مصطفیٰ کیلیچ لمفک کینسر کا سامنا کر رہے تھے۔ تاہم ان کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
اداکار کی موت کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی معائنے میں جسم پر کسی حملے کے واضح آثار یا کھلے زخم نہیں ملے۔ حکام نے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم کی جاسکے۔
سرحات مصطفیٰ کیلیچ 1975 میں پیدا ہوئے تھے اور ترکیہ کے معروف فلم اور ٹی وی اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کے کردار سے انہیں بین الاقوامی ناظرین میں بھی خاص پہچان حاصل ہوئی۔






