نواب شاہ: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک ہی پارٹی ہے جو پی ٹی آئی ہے اور ان کی جماعت بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔

نواب شاہ میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ کسی سیاسی خاندان یا رشتہ دار کی مدد سے سیاست میں نہیں آئے بلکہ اپنی سیاسی جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اقتدار کی خواہش ہوتی تو وہ ملک سے باہر چلے جاتے، تاہم وہ آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

سہیل آفریدی نے حکومت پر بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے میں سیاست کرنے اور عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہٹائے جانے کے بعد پاکستان کا قرضہ 43 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 94 ہزار ارب روپے ہوگیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہی ملک کو موجودہ مشکلات سے نکال سکتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔