لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ شکایات کے اندراج اور کارروائی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم اور ہیلپ لائن 1350 فعال کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والے ہر شخص کے خلاف کارروائی ہوگی اور کسی کو عوام کا پیسہ کھانے نہیں دیا جائے گا۔ ان کے مطابق کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں کہیں رشوت طلب کی جائے، کرپشن ہو یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے تو فوری اطلاع دی جائے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق ہر شکایت پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ شکایت کنندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بھی استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، تاہم ایک ایک پائی شفاف انداز میں خرچ نہ ہونے کی صورت میں کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
ڈی جی پی آر کی ری اسٹرکچرنگ کا فیصلہ
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی پی آر کی ری اسٹرکچرنگ کا حکم دیتے ہوئے ہیڈکوارٹر کی نئی عمارت کی منظوری دے دی ہے۔
خصوصی اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے ڈی جی پی آر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات اور ادارے کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر بھی زور دیا۔
موبائل ویٹرنری فلیٹ بھی فعال
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں مویشیوں کے علاج کے لیے موبائل ویٹرنری فلیٹ کا افتتاح بھی کیا۔ مزید 30 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز اور 17 موبائل ویٹرنری لیبارٹریز کا آغاز کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں میں الٹراساؤنڈ اور ایکسرے کی سہولت جبکہ موبائل لیبارٹریز میں موقع پر تقریباً 40 مختلف ٹیسٹ کیے جاسکیں گے۔
صوبے بھر میں فارمرز کے ڈیرے تک خدمات پہنچانے کے لیے 6,964 موبائل موٹر بائیک ویٹرنری اسسٹنٹس بھی متحرک کیے جائیں گے۔
دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
مریم نواز نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔






