وفاقی آئینی عدالت کے ملازمین کے لیے آگ سے حفاظت اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی نشست میں جسٹس علی باقر نجفی، رجسٹرار محمد حفیظ اللہ خان سمیت عدالت کے دیگر افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ سی ڈی اے کیپٹل ایمرجنسی سروس کے ماہرین نے شرکا کو ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردِعمل کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا۔
نشست کے دوران آگ کی مختلف اقسام، آگ بجھانے کے مؤثر ذرائع اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں عملی آگاہی فراہم کی گئی۔ شرکا کو محفوظ انخلا، ذاتی حفاظت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل حفاظتی منصوبہ بندی کی اہمیت بھی سمجھائی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ تربیتی نشست کا مقصد عدالت میں موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری کے لیے اقدامات کی نشاندہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی استعداد میں بہتری ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں مؤثر اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔






