اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کا سفارتخانے پہنچنے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیپال کی حکومت اور عوام، خصوصاً سانحے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں نیپال کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ سے حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اپنے جذبات کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے نیپالی سفیر کو بتایا کہ پاکستان رواں ہفتے کے اختتام پر نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مدد فراہم کی جاسکے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور نیپال کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ نیپالی سفیر نے وزیراعظم کے ہمدردانہ کلمات اور پاکستان کی یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔






