وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے پاس پیٹرولیم لیوی کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کی قابلِ عمل تجویز موجود ہے تو حکومت اسے خوشی سے سنے گی۔
لاہور کے منصورہ میں مسلم لیگ ن کے وفد نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور جماعت اسلامی سے بھی اپنی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی ہے۔
احسن اقبال کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، جبکہ حکومتی مؤقف بھی جماعت اسلامی کی ٹیم کے سامنے رکھا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے ایسی تجاویز کا عندیہ دیا ہے جن سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔






