ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مختلف ممالک میں شادی کی تقریبات اور عوامی اجتماعات پر مبینہ حملوں کے اپنے ماضی کے ریکارڈ پر دنیا کو جواب دے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق امریکا ایران، عراق اور افغانستان میں عوامی تقریبات پر ماضی میں کیے گئے حملوں کی طرح اس بار بھی اپنے اقدامات کو تسلیم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران نے سیرک میں شادی کی تقریب پر امریکی حملے کا فوجی طاقت کے ذریعے جواب دیا۔ پاسدارانِ انقلاب نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکی عوام نے اپنی حکومت اور فوج کے اقدامات کو روکنے کے لیے کردار ادا نہ کیا تو مظلوم عوام کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 142 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 61 خواتین اور 44 کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔