راولپنڈی میں اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے سب انسپکٹر عدنان غیور شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر عدنان غیور تھانہ چکلالہ کی حدود میں ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ایک اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی میں شریک تھے۔ کارروائی کے دوران ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی سب انسپکٹر عدنان غیور کے سر میں لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ پولیس ٹیم نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ اشتہاری مجرم کو بھی ہلاک کردیا۔
آئی جی پنجاب اور سی پی او راولپنڈی نے سب انسپکٹر عدنان غیور کی شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اپنے بہادر سپوت کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔ حکام نے شہید کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
شہید سب انسپکٹر عدنان غیور کی نمازِ جنازہ پولیس لائن راولپنڈی میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد ان کی آبائی علاقے غریب آباد ڈھوک منچھی میں بھی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔






