اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدگی کے باوجود سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے پُرامید ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ موجودہ صورتحال تشویش ناک اور ناپسندیدہ ہے، تاہم پاکستان امن عمل سے مایوس نہیں ہوا۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان مکمل خلوص کے ساتھ امن عمل میں مصروف ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عدالتی فیصلے کو مسترد کرنا معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کرتا۔ پاکستان نے بھارت پر معاہدے کی مکمل پاسداری کی جانب واپس آنے پر زور دیا ہے۔