امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے قائدِ حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیری عوام کے دلوں کی آواز اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے مضبوط رہنما تھے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کردی۔ ان کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کشمیری عوام کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت بنا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور قابض فوج طویل قید و بند اور مشکلات کے باوجود سید علی گیلانی کے حوصلے پست نہ کرسکی۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن پورا ہوگا اور ان کے بقول کشمیر آزاد ہو کر پاکستان بنے گا۔






