پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس استنبول میں شروع ہوگیا ہے، جس میں تینوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہے۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کر رہے ہیں، جبکہ ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ وزراء اور عسکری حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون، مشترکہ فوجی مشقوں اور دہشت گردی کے خلاف تعاون سمیت مختلف امور پر غور کیا جائے گا۔
تینوں ممالک دفاعی صنعت، مشترکہ پیداوار، تحقیق و ترقی اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے۔
معاہدے کو عملی شکل دینے کی تیاری
استنبول اجلاس کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں مستقبل کے مشترکہ منصوبوں اور سرگرمیوں کے لیے ادارہ جاتی طریقۂ کار، سیکریٹریٹ اور ایک جامع روڈ میپ پر بھی غور متوقع ہے۔
اس معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے باہمی دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم کیا ہے۔






