سوات کی تحصیل کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ہونے والے شدید خودکش دھماکے میں شہداء کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آر پی او ملاکنڈ کے مطابق شہداء میں 5 پولیس اہلکار اور 8 عام شہری شامل ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں 14 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے کبل پولیس کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ آور اندر داخل نہ ہو سکا اور اس نے خود کو گیٹ کے سامنے ہی دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔