پنجاب میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سکشن ہڈز کے بغیر چلنے والے شادی ہالز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (EPA) کے مطابق پنجاب بھر میں ایسے میرج ہالز کو بند اور سیل کیا جائے گا جو کمرشل کچن کے دھوئیں اور آلودہ اخراج کو کنٹرول کرنے کیلئے مقررہ سکشن ہڈز نصب نہیں کر رہے۔

حکام کے مطابق سکشن ہڈز کی تنصیب کیلئے مقررہ آخری تاریخ 31 جنوری تھی، جو گزر چکی ہے۔ اب ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز کو مزید رعایت نہیں دی جائے گی۔

ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیر شیخ کی ہدایت پر فیلڈ افسران نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہالز کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی پر ہالز کو سیل کرنے کے ساتھ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ کمرشل کچنز سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق سکشن ہڈز نصب نہ کرنے پر اب تک 500 سے زائد ریسٹورنٹس کو بھی سیل کیا جا چکا ہے۔