ایرانی مسلح افواج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا ہے کہ جنگ ختم ہونے کے باوجود ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کو نہیں بخشے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج جنگ کے بعد بھی ان رہنماؤں کے اقدامات کا تعاقب جاری رکھیں گی اور ان کے بقول انہیں اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی۔

شکارچی نے مزید کہا کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے دوبارہ حملہ کیا تو ایران کا ردعمل پہلے سے زیادہ بھاری، وسیع اور زیادہ درست ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔

ایرانی ترجمان نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس آبی گزرگاہ میں امریکی مداخلت قبول نہیں کرے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل بھی علاقائی کشیدگی سے متاثر ہوئی ہے۔