پاکستان نیوی کے جہاز حنین (HUNAIN) اور یرموک (YARMOOK) نے بحیرۂ عرب میں مشترکہ انسدادِ منشیات آپریشن کے دوران 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے دونوں جہاز معمول کی سمندری گشت پر تھے کہ اس دوران ایک مشکوک کشتی کو روکا گیا۔ بورڈنگ آپریشن اور تفصیلی تلاشی کے دوران کشتی کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ عالمی مارکیٹ میں برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب کارروائی پر دونوں بحری جہازوں کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، چوکسی اور مستعدی کو سراہا۔

پاکستان نیوی کے مطابق بحری سلامتی برقرار رکھنے اور سمندری حدود میں غیر قانونی اسمگلنگ و دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔