مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

وزیراعظم کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان نے 14 ووٹ حاصل کیے۔ موجودہ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے 32 ارکان موجود ہیں، جبکہ 7 نشستوں پر انتخابات کا عمل ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل آزاد کشمیر حکومت میں وزیرِ تعلیم کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

موجودہ اسمبلی میں افتخار گیلانی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر ایوان کا حصہ بنے۔

ان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزدگی پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گزشتہ اہم مشاورتی اجلاس میں اتفاق کیا تھا۔ اجلاس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔

پارٹی قیادت نے نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری سمیت دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر اتفاق رائے کیا تھا۔