ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ شاہی محل کے مطابق بادشاہ نے جمعہ 28 اگست کو اوسلو یونیورسٹی اسپتال میں صبح 6 بج کر 35 منٹ پر پُرامن طور پر وفات پائی۔
بادشاہ ہیرالڈ پنجم 17 اگست سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہیں خون کی ایک نایاب بیماری اور بعد ازاں خون میں بیکٹیریا کے انفیکشن کے باعث طبی امداد دی جا رہی تھی۔
ہیرالڈ پنجم نے 1991 میں ناروے کا تخت سنبھالا اور 35 برس سے زائد عرصے تک ملک کے سربراہِ مملکت رہے۔ انہیں سادہ طرزِ زندگی، عوامی مزاج اور قومی اتحاد کے لیے کوششوں کے باعث ناروے میں خاصی مقبولیت حاصل تھی۔
ان کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے ولی عہد ہاکون نے آئینی طور پر تخت سنبھال لیا اور کنگ ہاکون ہشتم بن گئے۔ ہاکون گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے والد کی علالت کے دوران بطور ریجنٹ شاہی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے تھے۔
بادشاہ کی وفات کے بعد ناروے کے شاہی محل پر قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا، جبکہ ملک میں سوگ کی فضا ہے۔






