بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی اور معروف سماجی کارکن ابھیجیت دیپکے کی شادی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔ ان کی والدہ انیتا دیپکے نے بتایا ہے کہ گزشتہ تقریباً دو برس سے ان کے بیٹے کے لیے مسلسل شادی کے رشتے آ رہے ہیں، تاہم وہ ہر پیشکش کو مسترد کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، انیتا دیپکے نے بتایا کہ ابھیجیت کا مؤقف ہے کہ وہ پہلے اپنی تعلیم مکمل کریں گے، پھر اپنی محنت سے کمائیں گے اور اس کے بعد ہی شادی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ خاندان مالی طور پر مستحکم ہے، لیکن ابھیجیت اپنی شادی کے تمام اخراجات خود برداشت کرنا چاہتے ہیں۔
انیتا دیپکے کے مطابق ان کے بیٹے نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی شادی میں کپڑوں کے علاوہ کوئی تحفہ یا مالی تعاون قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کو انتہائی ایماندار اور خوددار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اصولی سوچ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔
رپورٹس کے مطابق ابھیجیت دیپکے 2026 میں نیٹ یو جی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ہونے والی طلبہ تحریک کے دوران قومی سطح پر نمایاں ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
والدہ نے بتایا کہ اگرچہ ہر والدین کی طرح وہ بھی اپنے بیٹے کی شادی دیکھنے کی خواہش رکھتی ہیں، لیکن اس وقت ان کی پہلی ترجیح ان کی صحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھیجیت اس وقت طبیعت کی خرابی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، اس لیے وہ گھر واپس آنے کے بعد بھی کم از کم ایک ماہ تک شادی کا موضوع نہیں چھیڑیں گی۔






