وفاقی حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بدھ 26 اگست 2026 کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عام تعطیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ ہر سال اسلامی قمری کیلنڈر کے تیسرے مہینے ربیع الاول کی 12 تاریخ کو حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے منائی جاتی ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کے بعد 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 کو ہونے کا تعین کیا گیا تھا۔
ملک بھر میں اس موقع پر مساجد اور دیگر مقامات پر محافل میلاد، قرآن خوانی، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جائیں گی۔ گھروں، مساجد اور مختلف شاہراہوں کو بھی چراغاں اور سجاوٹ سے آراستہ کیا جائے گا۔
علمائے کرام عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نبی کریم ﷺ کی سیرت، اخلاق اور تعلیمات پر عمل کرنے کی اہمیت اجاگر کریں گے۔






