سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق اب سندھ کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتے اور اتوار کو تعطیل ہوگی، جبکہ پیر سے جمعہ تک تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔

حکومت سندھ کے مطابق یہ فیصلہ کفایت شعاری کے اقدامات، توانائی کے مؤثر استعمال اور دستیاب وسائل کے بہتر انتظام کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ یکم اگست 2026 سے سرکاری اسکول ہفتے میں چھ دن کھلے رہیں گے۔ تاہم نئے فیصلے کے بعد سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے تمام اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کی تعطیل نافذ ہوگی۔