سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے صحافی صالح ظافر کو سرکاری اعزاز دیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے سرکاری اعزازات کی تقسیم میں میرٹ اور معیار کو مدنظر رکھنے پر زور دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر صالح ظافر کو تمغہ دیا گیا ہے تو ’پنکی‘ کو بھی دے دیتے، ایوانِ صدر میں تمغوں کا امتیاز اسٹور کھل گیا ہے۔

فواد چوہدری نے ایک اور بیان میں پنجابی زبان و ادب کو سرکاری اعزازات میں مناسب نمائندگی نہ ملنے کا شکوہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں متعدد افراد کو اعزازات دیے گئے، تاہم پنجابی ادب کے لیے مناسب اعزاز نہ ہونا قابلِ افسوس ہے۔

انہوں نے پنجابی ادبی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ پنجابی زبان و ادب کے لیے سرکاری سطح پر زیادہ نمائندگی اور اعزازات کا مطالبہ کریں۔