پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں سیاسی رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں اور اعلیٰ حکام نے قومی یکجہتی، ترقی، خوشحالی اور ملکی استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں اور حقیقی ترقی وہ ہے جس میں کوئی فرد پیچھے نہ رہ جائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے اور ملک کی سربلندی کے لیے دن رات محنت کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں بھی یومِ آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شرکت کی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اسپورٹس بورڈ پنجاب میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جس میں افسران اور ملازمین نے شرکت کی اور شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی ہمیں آزادی کے مقاصد اور اس کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق 79 سال گزرنے کے باوجود ملک کو حقیقی معنوں میں ایک قوم بنانے کا مقصد ابھی مکمل نہیں ہوا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان جن نظریاتی مقاصد کے تحت قائم ہوا تھا، انہیں عملی شکل دینے کی ضرورت ہے اور موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی شرکت کی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے کی مضبوطی کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے قائم ہوا تھا اسے پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور ملک کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے پیغام میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملک کے امن اور ترقی کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر امن، ترقی، مضبوط دفاع اور ڈیجیٹل پیش رفت کے حوالے سے اپنی شناخت بنا رہا ہے۔