پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کردیا کہ سیاسی ہتھکنڈوں کے ذریعے کسی سیاسی رہنما کو مائنس نہیں کیا جاسکتا، جبکہ ان کی جماعت بھی کسی کو سیاسی طور پر مائنس کرنے کے حق میں نہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن ملک اور جمہوریت سب سے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا جائے تو آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر کبھی سیاست نہیں کی جائے گی اور صحت سے متعلق رپورٹس کو ذاتی یا سیاسی معاملات کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق عمران خان کی صحت سب سے اہم معاملہ ہے۔

بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق مسائل حل کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اسپتال منتقل کرکے مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہوسکتا ہے۔ حکومت کو شارٹ کٹ اختیار کرنے کے بجائے مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہیے اور سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے جس سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو، اور اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو اس کا آغاز عدالتی حکم پر عمل درآمد سے ہونا چاہیے۔

سیکیورٹی کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فوج، پولیس اور رینجرز کی حفاظت ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو کسی خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے جبکہ دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور دہشت گردی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے۔